0

ارباب جمعیت کی صحبت کی ترغیب مکتوب نمبر 69دفتر سوم


شریعت کے التزام اور ارباب جمعیت کی صحبت کی ترغیب میں قاضی موسی شوحیں  کی طرف صادر فرمایا ہے:۔ 

حمد وصلوة اورتبلیغ ودعوات کے بعد واضح ہو کہ اس طرف کے فقراء کے احوال حمد کے لائق ہیں۔ آپ کاصحیفہ شریفہ جو درویش رحم علی کے ہمراہ بھیجاتھا پہنچا۔ بہت خوش ہوا۔ حق تعالیٰ  آپ کو سلامت و استقامت عطا فرمائے ۔ آپ نے نصیحتیں طلب فرمائی تھیں ۔ میرے مخدوم سب سے اعلی نصیحت یہی ہے کہ حضرت سید المرسلین علیہ الصلوة والسلام کے دین اور متابعت کو لازم پکڑیں۔ متابعت کی کئی قسمیں ہیں ان میں ایک احکام شرعیہ کا بجا لانا ہے۔ باقی اقسام کوفقیر نے ایک مکتوب(نمبر 54 دفتر دوم) میں جوبعض دوستوں کے نام لکھا ہے مفصل ذکر کیا ہے ۔ فقیران کو کہے گا کہ اس کی نقل انشاء اللہ آپ کو بھیج دیں ۔ غرض اس طریق کے افادہ و استفادہ کا مدار صحبت پر ہے۔ صرف کہنا اور لکھنا ہی کافی نہیں ۔ حضرت خواجہ نقشبند قدس سرہ نے فرمایا ہے کہ ہمارا طریقہ صحبت ہے۔ اصحاب کرام حضرت خیر البشر علیہ الصلوة والسلام کی صحبت  ہی کی بدولت تمام اولیاء امت میں سے افضل ہیں اور کوئی ولی صحابی کے مرتبہ کونہیں پہنچتا۔ اگر چہ اویس قرنی ہو۔ دوستوں سے التماس ہے کہ سلامتی ایمان کی دعا کیا کریں ۔ ۔ رَبَّنَا آتِنَا مِنْ لَدُنْكَ رَحْمَةً وَهَيِّئْ لَنَا مِنْ أَمْرِنَا رَشَدًا (یا اللہ تو اپنے پاس سے ہم پر رحمت نازل فرما اور ہمارے کام سے بھلائی ہمارے نصیب کر)) رحم علی نے اب اپنی کایا پلٹ لی ہے اور اصلاح کی طرف آرہا ہے ۔ حق تعالیٰ  اس کو استقامت بخشے۔ والسلام 

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا