خلق اللہ کی خدمتگاری کی ترغیب میں خواجہ ابوالمکارم کی طرف صادر فرمایا ہے۔
حق تعالیٰ آپ کو حد اعتدال اور مرکز عدالت پر استقامت عطا فرمائے ۔ یہ کس قدر اعلی دولت ہے کہ عطیات کا بخشنے والا حضرت حق جل شانہ اپنے کسی بندہ کو بعض بزرگوں اور فضیلتوں کے ساتھ مخصوص کر کے اپنے بندوں کی حاجتوں کی کنجی اس کے دست تصرف کے حوالہ کر دے اور اس کو ان لوگوں کا جائے پناہ بنائے اور یہ کس قدر اعلی نعمت ہے کہ بہت سی مخلوقات کو جن کو اللہ تعالیٰ نے کمال کرم سے اپنے عیال فرمایا ہے اس کے متعلق کرے اور ان کی تربیت اس کے سپرد فرمائے۔ وہ شخص بہت ہی سعادت مند ہے جو اس دولت حمد میں قیام کرے اور وہ شخص بہت ہی ہوشمند ہے جو اس نعمت کا شکر ادا کرے اور اپنے مالک کے عیال کی خدمت گزاری کو اپنی سعادت جانے اور اپنے مولی کے غلاموں اور لونڈیوں کی تربیت کو اپنا شرف سمجھے۔ اللہ تعالیٰ کیلئے حمدہے کہ وہاں کے لوگ آپ کے ذکر خیر سے تر زبان ہیں اور آپ کے کرم و احسان کا ذکر ان کی زبان پر ہے۔ والسلام