2

مکتوب 112: اس بیان میں اصل مقصود یہی ہے کہ اہل سنت و جماعت کے عقائد پر پابند ہو جائیں


مکتوب 112

اس بیان میں اصل مقصود یہی ہے کہ اہل سنت و جماعت کے عقائد پر پابند ہو جائیں اگر اس دولت کے ساتھ احوال و مواجید بھی عطا فرمائیں تو کمال احسان ور نہ اسی دولت کو کافی جانتے ہیں جب یہ ہے تو سب کچھ ہے شیخ عبدالجلیل کی طرف لکھا ہے۔


حق تعالیٰ ہم مفلسوں کو اہل حق یعنی اہلسنت و جماعت کے سچے عقائد کی حقیقت پر ثابت قدم رکھ کر پسندیدہ اعمال کی توفیق بخشے اور احوال جو انہیں اعمال کا ثمرہ ہے کرامت فرمائے اور پورے طور پر اپنی پاک جناب کی طرف کھینچ لے۔


کار این است غیر ایں ہمہ ہیچ
ترجمہ
: اصل مطلب ہے یہی باقی ہے ہیچ

کیونکہ احوال و مواجید اس فرقہ ناجیہ کے عقائد کی حقیقت سے متحقق ہونے کے بغیر حاصل ہوں۔ ان کو ہم استدراج کے سوا کچھ نہیں جانتے اور خرابی کے سوا کچھ خیال نہیں کرتے ۔ اس فرقہ ناجیہ کیتابعداری کی دولت کے ساتھ جو کچھ دیدیں ہم احسان مند ہیں اور شکر بجالاتے ہیں اور اگر یہی عطا فرمائیں اور احوال و مواجبید کچھ نہ دیں تو بھی کچھ ڈر نہیں۔ ہم راضی ہیں اور بعض مشائخ قدس سرہم سے جو غلبہ حال اور سکر وقت میں اہل حق کی صحیح راؤوں کے برخلاف علوم ومعارف ظاہر ہوئے ہیں ۔ چونکہ ان کا باعث کشف ہے اس لئے معذور ہیں۔ امید ہے کہ قیامت کو انہیں مواخذہ نہ کریں گے۔ وہ خطا کار مجتہد کا حکم رکھتے ہیں کہ اس کو خطا پر بھی ایک اجر ملے گا اور حق علمائے اہل حق کی طرف ہے۔ خدائے تعالیٰ ان کی کوششوں کو مشکور فرمائے ۔ کیونکہ علماء کے علوم چراغ نبوت سے لئے ہوئے ہیں۔ جن کی وحی قطعی سے تائید کی گئی ہے اور ان صوفیہ کے معارف کا اقتداء کشف اور الہام ہے کہ خطا کو اس میں دخل ہے اور کشف والہام کی صحت کا مصداق علمائے اہلسنت کے علوم کے ساتھ ان کا مطابق ہونا ہے۔ اگر سر مو بھی مخالفت ہے تو دائرہ صواب سے باہر ہیں ۔ یہی علم صحیح اور حق صریح ہے اور اس کے سوا گمراہی ۔


رَزَقْنَا اللَّهُ سُبْحَانَهُ وَإِيَّاكُمُ الْإِسْتِقَامَةَ عَلَى مَتَابَعَةِ سَيّدِ الْمُرْسَلِينَ ظَاهِراً وَبَاطِناً عَمَلاً وَاعْتِقَاداً عَلَيْهِ وَعَلَى آلِهِ مِنَ الصَّلَوَاتِ اَكْمَلُهَا وَمِنَ التَّسْلِيمَاتِ أفضَلُها : حق تعالیٰ ہم کو اور آپ کو سید المرسلین صلى الله عليه وسلم کی متابعت پر ظاہری و باطنی اور عملی اور اعتقادی طور پر استقامت عطافرمائے ۔
وَالسَّلامُ عَلَيْكُ مَنِ اتَّبَعَ الْهُدی آپ پر اور تمام ہدایت والوں پر سلام ہو ۔

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا