مکتوب 119
شیخ مقتدا کی صحبت پر ترغیب دینے میں اور اس بیان میں کہ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کامل لوگ اپنے بعض ناقص مریدوں کو بھی کسی خاص اور نیک نیت کے لئے طریقہ سکھانے کی اجازت فرماتے ہیں ۔ میر محمد نعمان بدخشی کی طرف لکھا ہے۔
میر صاحب کا مکتوب شریف وصول ہوا اس راستہ میں دیوانہ پن درکار ہے۔ لَنْ يُؤْمِنَ أحَدُكُمْ حَتَّى يُقَالَ إِنَّهُ لَمَحْنُونَ تم میں سے کوئی ایمان والا نہ ہو گا جب تک اسے یہ نہ کہا جائے کہ وہ دیوانہ ہے اور جب دیوانہ پن آ گیا۔ زن و فرزند کی تدبیر سے چھوٹ گیا اور این و آں کے اندیشہ سے جمعیت حاصل ہو گئی یہ دیوانہ پن آپ کی طبیعت میں پایا جاتا ہے مگر بعض بے ہودہ عارضوں کے باعث آپ نے اس کو خس و پوش کر دیا ہے، کیا کیا جائے اس ظاہری جدائی میں بڑی بے مناسبتی پائی جاتی ہے جلدی اس کا تدارک کریں اور اپنی کم ہمتی کو عین ہمت جان کر بعد صوری کو رفع کریں اس گروہ کی جمعیت خلق کی جمعیت سے الگ ہے۔ خلق کی جمعیت کے اسباب اس گروہ کے تفرقہ کا باعث ہیں۔ خلق کے تفرقہ کے اسباب میں ہاتھ مارنا چاہئے تا کہ جمعیت حاصل ہو جائے اور اگر بالفرض خلق کی جمعیت میں اس گروہ کو جمعیت بخشیں تو اس جمعیت سے ڈرنا چاہئے اور خدا کی جناب میں التجا کرنی چاہئے تا کہ وہ جمعیت جان کی وبال نہ ہو جائے اور فلاں وفلاں کے احوال پر قیاس نہ کرنا چاہئے کیونکہ کامل ہونے سے پیشتر درجات کے تفاوت کے بموجب سب نقص کے مراتب ہیں ۔
فراق دوست اگر اندک است اندرک نیست
ترجمه: فراق دوست گو کم ہو مگر وہ کم نہیں۔
مشائخ طریقت کام ہونے سے پہلے بعض مریدوں کو طریقہ سکھانے کی اجازت فرما دیا کرتے ہیں۔
حضرت خواجہ نقشبندیہ قدس سرہ نے مولانا یعقوب چرخی قدس سرہ کو طریقہ سکھانے اور بعض منزلیں طے کرانے کے بعد فرمایا تھا کہ اے یعقوب جو کچھ ہم سے تجھ کو پہنچا ہے وہ خلق کو پہنچا دے حالانکہ آپ نے یہ بھی فرمایا تھا کہ میرے بعد علاؤالدین کی خدمت میں رہنا اور اکثر انہوں نے خواجہ علاؤ الدین کی خدمت میں کام پورا کیا حتی کہ مولا نا عبد الرحمن جامی قدس سرہ نفحات میں ان کو پہلے خواجہ علاؤ الدین رحمتہ اللہ علیہ کے مریدوں میں گنتے ہیں اور پھر حضرت خواجہ نقشبند قدس سرہ کی طرف منسوب کرتے ہیں۔ غرض اس تفرقہ کا علاج جمعیت والوں کی صحبت ہے۔ یہ مضمون بار بار تاکید سے لکھا جا چکا ہے۔
اور سنا گیا ہے کہ مولانا محمد صدیق نے نوکری اختیار کی ہے اور فقراء کی وضع کو چھوڑ دیا ہے۔ افسوس ہزار افسوس کہ کسی کو اعلیٰ اعلمین سے اسفل سافلین میں گرا دیں اس کا امر دو حال سے خالی نہ ہوگا یا نوکری میں اس کو جمعیت دیں گے یا نہ دیں گے اگر جمعیت دیں گے تو بد ہے اور اگر نہ دیں گے تو بدتر ۔
رَبَّنَا لا تُزِغْ قُلُوبَنَا بَعْدَ إِذْ هَدَيْتَنَا وَهَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنكَ رَحْمَةً إِنَّكَ أَنتَ الْوَهَّابُ یا اللہ تو ہدایت فرما کہ پھر ہمارے دلوں کو ٹیڑھا نہ فرمانا اور اپنے پاس سے ہمارے حال پر رحمت فرما تو ہی بخشنے والا ہے۔
والسلام ۔