مکتوب 133
اس بیان میں کہ فرصت کو غنیمت جاننا چاہئے اور وقت کو عزیز رکھنا چاہئے ۔ مُلا محمد صدیق کی طرف لکھا ہے:
وہ مکتوب جو قاصد کے ہاتھ بھیجا تھا پہنچا۔ فرصت کو غنیمت اور وقت کو عزیز سمجھنا چاہئے رسم و عادات سے کچھ نہیں بنتا اور مہلت وحیلہ بہانہ سے سوائے خسارہ اور مایوسی کے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ مخبر صادق صلى الله عليه وسلم نے فرمایا ہے ۔ هَلَكَ الْمُسَوّفُونَ سوف افعل کہنے والے ہلاک ہو گئے۔ موجودہ عمر کو موہوم امر میں صرف کرنا اور موہوم کو موجود کیلئے نگاہ رکھنا بہت برا ہے۔ چاہئے کہ وقت کے نقد کو ضروری کام میں صرف کریں اور ادھار کو بیہودہ آرائشوں کے لئے جمع کریں۔ حق تعالیٰ تھوڑی سی بے آرامی بخشے تا کہ ماسوائے حق کے آرام سے نجات مل جائے ۔ گفتگو کچھ فائدہ نہ کرے گی ۔ وہاں تو سلامتی قلب طلب کرتے ہیں ۔ اپنے اصل مقصد کا فکر کرنا چاہئے اور بیہودہ کاروبار سے منہ پھیرنا چاہئے۔
ہر چہ جز عشق خدائے احسن است
گر شکر خوردن بود جان کندن است
ترجمہ: سوائے عشق حق جو کچھ ہے کہ ہر چند احسن ہے
شکر کھانا بھی گر ہو تو عذاب جان کندن ہے
ما عَلَى الرَّسُولِ إِلَّا الْبَلَاغُ: قاصد پر پیغام پہنچانا ہی ہے۔