2

مکتوب 169: شیخ عبدالصمد سلطان پوری کی طرف لکھا ہے اس کے اس سوال کے جواب میں کہ مرید نے اپنے پیر سے کہا کہ اگر خاص وقت میں جبکہ میں حق تعالیٰ کے ساتھ ہوں تو درمیان آجائے تو میں تیرے سر کو تن سے جدا کر دوں گا


مکتوب 169

شیخ عبدالصمد سلطان پوری کی طرف لکھا ہے اس کے اس سوال کے جواب میں کہ مرید نے اپنے پیر سے کہا کہ اگر خاص وقت میں جبکہ میں حق تعالیٰ کے ساتھ ہوں تو درمیان آجائے تو میں تیرے سر کو تن سے جدا کر دوں گا اور پیر نے اس بات کو پسند کیا اور بغل میں لے لیا۔


الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ وَالصَّلوةُ وَالسَّلامُ عَلى سَيّدِ الْمُرْسَلِين مُحَمَّدٍ وَالِهِ الطَّاهِرِينَ أَجْمَعِينَ ۔ اللہ رب العالمین کی حمد ہے اور سید المرسلین اور ان کی آل پاک پر صلوٰۃ وسلام ہو۔


آپ کا شریف اور لطیف خط جو از روئے کرم کے صادر فرمایا تھا، پہنچ کر خوشی کا باعث ہوا۔ اس میں ایک استفسار لکھا تھا جس کے جواب میں لکھا جاتا ہے کہ میرے مخدوم! سب سے بڑھ کر اعلیٰ مقصود اور بزرگ مطلوب حق تعالی یک جناب میں واصل ہونا ہے چونکہ طالب ابتداء میں مختلف تعلقات کے باعث کمال آلودگی اور تنزل میں ہے اور حق تعالی کی پاک بارگاہ کمال پاکیزگی اور بلندی میں ہے اور وہ مناسبت جو طالب و مطلوب کے درمیان فیض لینے یا دینے کا سبب ہے، مسلوب ہے۔ اس لئے رستہ جاننے والے تجربہ کار پیر کی ضرورت ہے جو دونوں کے درمیان بمنزلہ برزخ کے ہو اور دونوں طرف سے حظ وافر رکھتا ہوتا کہ طالب کے مطلوب تک پہنچنے کا واسطہ ہو جائے اور جس قدر طالب کو مطلوب کے ساتھ مناسبت پیدا ہوتی جائے گی اسی قدر پیر اپنے آپ کو درمیان سے الگ کرتا جائے گا اور جب طالب کی اپنے مطلوب سے کامل مناسبت پیدا ہو گئی تو پیر نے پورے طور پر اپنے آپ کو درمیان سے الگ کر لیا اور اپنے وسیلہ کے بغیر طالب کو مطلوب سے واصل کر دیا۔ پس ابتداء اور توسط میں پیر کے آئینے کے بغیر مطلوب کو نہیں دیکھ سکتے اور انتہاء میں آئینہ پیر کے وسیلہ کے سوا مطلوب کا جمال جلوہ گر ہوتا ہے اور وصل عریانی حاصل ہو جاتا ہے اور یہ جو کہا ہے کہ اگر پیر اس وقت حاضر ہو تو میں اس کے تن سے سر جدا کر دوں یہ دیوانہ پن ہے کیونکہ استقامت والے لوگ ایسا نہیں کہتے اور بے ادبی کی راہ پر نہیں چلتے اور اپنی تمام مرادوں کو پیر ہی کی برکات سے حاصل کرتے ہیں ۔ والسلام ۔

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا