مکتوب 176
اس بیان میں کہ وقتوں کی محافظت اس راہ کی ضروریات میں سے ہے تاکہ بیہودہ امور میں تلف نہ ہو جائیں ۔ مُلا محمد صدیق کی طرف لکھا ہے:
الْحَمْدِ لِلَّهِ وَ سَلامُ عَلَى عِبَادِهِ الذِينَ اصْطَفى: اللہ تعالیٰ کی حمد ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو۔
مِنْ حُسْنِ إِسْلَامِ الْمَرْءِ اِشْتِغَالُهُ بِمَا يَعْنِيَةِ وَ إِعْرَاضُهُ عَمَّا لَا يَعْنِيهِ: فائدے کے کام میں مشغول ہونا اور لایعنی اور بیہودہ کاموں سے منہ پھیرنا آدمی کے حُسنِ اسلام کا نشان ہے۔ پس اپنے وقتوں کی محافظت ضروری ہے تا کہ بیہودہ کاموں میں برباد نہ ہو جائیں۔ شعر خوانی اور قصہ گوئی کو دشمنوں کا نصیب جان کر خاموشی اور باطنی نسبت کی حفاظت میں مشغول ہونا چاہئے ۔ اس طریق میں یاروں کا باہم جمع ہونا باطن کی جمعیت کے لئے ہے نہ کہ دل کی پراگندگی کے لئے ۔یہی وجہ ہے کہ انجمن کو خلوت پر اختیار کیا ہے اور جمعیت کو اجتماع سے حاصل کیا ہے ۔ وہ اجتماع جوتفرقہ کا باعث ہو اس سے الگ رہنا لازم ہے ۔ باطنی جمعیت کے ساتھ جو کچھ جمع ہو جائے مبارک ہے اور جو کچھ جمع نہ ہو منحوس و نا مبارک ہے۔ اس طرح زندگی بسر کرنی چاہئے کہ انسان کی صحبت میں لوگوں کو جمعیت حاصل ہو ۔ نہ اس طرح کہ تفرقہ میں ڈال دے۔ اپنے ورق کو الٹانا چاہئے اور گفتار کو چھوڑ کر خاموشی اختیار کرنی چاہئے اب شعر گوئی، بحث و جھگڑے اور باہم گفتگو کرنے کا موقع نہیں ہے۔
چه وقت مدرسه و بحث و کشف و کشاف است
ترجمہ: کشف اور کشاف کے پڑھنے کا اب کیا وقت ہے