مکتوب 182
اس حدیث نبوی علیہ الصلوۃ والسلام کے بیان میں جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے بعض یاروں کو جنہوں نے اپنے برے خطرات کی شکایت بیان کی تھی۔ فرمایا تھا کہ ذلِكَ مِنْ كَمَالِ الْإِيمَان – یہ کمال ایمان سے ہے اور اس کے مناسب بیان میں ملا صالح کو لابی کی طرف لکھا ہے:-
درویشوں کی ایک جماعت بیٹھی تھی ۔ طالبوں کے شیطانی خطروں اور وسوسوں کی نسبت گفتگو شروع ہوئی۔ اس اثنا میں حدیث کے معنی بھی بیان کیے گئے کہ ایک دن حضرت خیر البشر علیہ الصلوۃ والسلام کے بعض اصحاب رضوان اللہ تعالیٰ علیہم نے آنحضرت صلى الله عليه وسلم کی خدمت میں اپنے برے خطرات کی شکایت کی۔ آنحضرت علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا کہ ذلک من كَمَالِ الْإِيمَان. يه كمال ایمان سے ہے اس وقت اس حدیث کے معنی اس فقیر کے دل میں اس طرح گزرے ۔ وَاللهُ أَعْلَمُ بِحَقِيقَةِ الْحَالِ ) اور حقیقت حال کو اللہ ہی زیادہ جانتا ہے ) کہ کمال ایمان مراد ہے کمال یقین سے ہے اور کمال یقین کمال قرب پر مترتب ہے اور قلب اور اس سے اوپر کے لطائف کو جس قدر قرب الہی زیادہ حاصل ہوگا اس قدر کمال ویقین بھی زیادہ ہو گا اور قالب کے ساتھ اس کی بے تعلقی زیادہ ہوگی ۔ اس وقت خطرات قالب میں زیادہ تر ہونگے اور وسو سے بہت نا مناسب ظاہر ہونگے ۔ پس ناچار بڑے خطروں کا سبب کمال ایمان ہوگا۔
پس نہایت النہات کے منہی کو جس قدر خطرات زیادہ اور نا مناسب ہونگے ۔ اسی قدر ایمان کی اکملیت زیادہ تر ہوگی۔ کیونکہ کمال ایمان اس امر کا متقضی ہے کہ الطف لطائف کو لطیفہ قالب کے ساتھ زیادہ بے مناسبتی ہو اور یہ بے مناسبتی جس قدر زیادہ ہوگی ۔ اسی قدر قالب زیادہ خالی اور ظلمت و کدورت کے زیادہ نزدیک اور خطرے اور وسوسے اس میں زیادہ ہونگے ۔ برخلاف مبتدی اور متوسط کے کہ اس قسم کے خطرات ان کے لئے زہر قاتل ہیں اور باطن کو نقصان دینے والے ہیں۔ فَلا تَكُنُ مِنَ الْقَاصِرِينَ پس تو کم ہمت نہ ہو ۔ یہ معرفت اس درویش کے پوشیدہ معارف میں سے ہے۔ وَالسَّلامُ عَلى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدى وَالْتَزَمَ مُتَابَعَةَ الْمُصْطَفَى عَلَيْهِ وَ عَلَى الهِ الصَّلَوَاتُ وَالسَّلاَمُ اور سلام ہو اس پر جو ہدایت کے راستہ پر چلا اور حضرت محمد مصطفی صلى الله عليه وسلم کی متابعت کو لازم پکڑا۔