مکتوب 252
بعض استفساروں یعنی سوالوں کے جواب میں جناب شیخ بدیع الدین کی طرف صادر فرمایا ہے۔
الْحَمْدُ لِلَّهِ وَسَلامُ عَلَى عِبَادِهِ الَّذِينَ اصْطَفی اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو ۔ برادر ارجمند کا مکتوب مرغوب پہنچا ، بڑی خوشی حاصل ہوئی۔ آپ نے چند استفسار روانہ کئے ہوئے تھے ان کے جواب میں آپ کو معلوم ہو کہ حضرت نوح اور حضرت ابراہیم علی نبینا وعلیہم الصلوة والسلام کے تعین کا مبدء صفت العلم ہے جیسا کہ تعین محمدی علیہ الصلوۃ والسلام کا مبدء یہی صفت ہے۔ فرق جہات و اعتبارات کے لحاظ سے ہے کیونکہ اس صفت کی ایک جانب عالم کی طرف ہے اور دوسری معلوم کی طرف پہلی جانب وحدت کے مناسب ہے اور دوسری کثرت کے موافق اور اس صفت کے لئے بھی اجمال و تفصیل ہے کہ ہر ایک اس بزرگ کے مبد تعین کے اعتبار سے ہے۔ دوسرا یہ کہ فقیر نے چاہا کہ اس استفسار کے جواب میں کہ قطب و غوث و خلیفہ کے درمیان کیا فرق ہے، کچھ لکھے ۔ لیکن اذن نہ ہوا ان کو دوسرے وقت پر موقوف رکھیں ۔
والسلام ۔