مکتوب 280
اس بیان میں کہ اس گروہ کی محبت سعادت کا سرمایہ ہے اور جس کسی کو اس نعمت سے مشرف فرما ئیں اور استقامت دیں ، اس کو سب کچھ دے دیتے ہیں۔ حافظ محمود کی طرف صادر فرمایا ہے۔
حمد وصلوٰۃ اور تبلیغ دعوات کے بعد واضح ہو کہ آپ کا مکتوب شریف جو جناب مولانا مہدی علی کے ہمراہ ارسال کیا تھا، پہنچا اور بڑی خوشی کا موجب ہوا۔ اللہ تعالیٰ کی حمد اور احسان ہے کہ فقراء کی محبت جو دنیا و آخرت کی سعادت کا سرمایہ ہے۔ آپ کو کامل طور پر حاصل ہے اور مفارقت کی دراز مدت نے اس میں کچھ تاثیر نہیں کی۔ دو چیزوں کی محافظت ضروری ہے۔ ایک صاحب شریعت ﷺ کی متابعت دوسرا شیخ مقتداء کی محبت و اخلاص۔ ان دو چیزوں کے ساتھ اور جو کچھ دے دیں سب نعمت ہی نعمت ہے اور اگر کچھ بھی نہ دیں لیکن یہ دو چیز میں راسخ اور مضبوط ہوں تو پھر کچھ غم نہیں۔ آخر ایک دن دے دیں گے اور اگر نعوذ باللہ ان دو چیزوں میں سے کسی ایک میں خلل پڑ جائے اور احوال و اذواق بھی بدستور اپنے حال پر رہیں تو ان کو استدراج جاننا چاہئے اور اپنی خرابی اور بربادی خیال کرنی چاہئے ۔ استقامت کا طریق یہی ہے ۔ وَاللهُ سُبحانهُ الْمُوَفَقُ: الله تعالیٰ ہی توفیق دینے والا ہے ) والسلام ۔