2

مکتوب 71: اس بیان میں کہ منعم کا شکر منعم علیہ پر واجب ہے


مکتوب 71

اس بیان میں کہ منعم کا شکر منعم علیہ پر واجب ہے اور شکر کا حاصل ہونا شریعت کے بجالانے سے نہ کچھ اور ۔ خانِ خانان کے بیٹے مرزا اداراب کی طرف لکھا ہے:


اَيَّدُ كُمُ اللَّهُ وَ نَصَرَكُمُ: خدائے تعالیٰ آپ کی تائید کرے اور آپ کو فتح و نصرت دے۔ عقلی اور شرعی طور پر منعم کا شکر منعم علیہ پر واجب ہے اور معلوم ہے کہ شکر بھی اسی قدر واجب ہوتا ہے جس قدر نعمت پہنچے ۔ پس جس قدر نعمت زیادہ پہنچے گی شکر بھی اسی قدر زیادہ واجب ہوگا۔ پس اس اعتبار سے فقراء کی نسبت دولت مندوں پر ان کے درجوں کے اختلاف کے بموجب کئی گنا زیادہ شکر واجب ہے کیونکہ اس امت کے فقرا اور دولت مندوں سے پہلے پانچ سو سال بہشت میں جائیں گے اور منعم حقیقی یعنی حق تعالیٰ کا شکر اوّل یہ ہے کہ فرقہ ناجیہ اہل سنت و جماعت کے عقائد کے موافق اپنے عقیدوں کو درست کیا جائے اور دوسرا یہ کہ اسی فرقہ ناجیہ کے آئمہ مجتہدین کے اقوال کے موافق شرعی عملی احکام بجالائے جائیں تیسرا یہ کہ ای بلند گروہ کے صوفیہ کرام کے سلوک کے مطابق تصفیہ و تزکیہ کیا جائے اور اس رکن کا وجوب استحسانی و استحبابی ہے بخلاف پہلے دو رکنوں کے کیونکہ اصل اسلام ان ہی دور کنوں سے وابستہ ہے اور کمال اسلام اسی ایک رکن یعنی اخیر سے متعلق ہے جو عمل ان ارکان ثلاثہ کے مخالف ہو ۔ خواہ وہ سخت ریاضت اور مشکل مجاہدہ ہو منعم حقیقی جل شانہ کی نافرمانی اور گناہ گاری اور ناشکری میں داخل ہے۔


ہندو برہمنوں اور یونانی فلسفیوں نے ریاضتوں اور مجاہدوں میں کمی نہیں کی ۔ چونکہ وہ سب کے سب انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کے احکام کے موافق نہیں ہوئے اس لئے مردود ہیں اور آخرت کی نجات سے بے نصیب ہیں۔ فَعَلَيْكُمْ بِمُتَابِعَةِ سَيِّدِ نَامَوْلَنَا وَشَفِيعٍ ذَنُوبِنَا وَ طَيِّبِ قُلُوبِنَا مُحَمَّدٍ رَّسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ تَعَالَى عَلَيْهِ وَ عَلَى الِهِ وَسَّلَمَ وَ مُتَابِعَةِ خُلْفَائِهِ الرَّاشِدِينَ الْمَهْدِيَيَنَ رِضْوَانُ اللَّهِ تَعَالَى عَلَيْهِمْ أَجْمَعِينَ.

پس آپ پر واجب ہے کہ ہمارے آقا ہمارے مولا ہمارے گناہوں کے شفیع ہمارے دلوں کے طبیب سید المرسلین حضرت محمد رسول اللہ صلى الله عليه وسلم کی متابعت اور خلفائے راشدین مہدیین رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کی تابعداری لازم پکڑیں۔

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا