2

مکتوب 90 : اس بات پر ترغیب دینے میں کہ ہمہ تن حق تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا چاہئے


مکتوب 90

اس بات پر ترغیب دینے میں کہ ہمہ تن حق تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا چاہئے اور آج اس دولت کا حاصل ہونا اس طبقہ علیہ نقشبندیہ کے ساتھ توجہ اور اخلاص پر وابستہ ہے خواجہ قاسم کی طرف لکھا ہے ۔

حق تعالیٰ حضرت سید البشر صلٰی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل جو میلان چشم سے پاک ہیں دنیا کمینی کو آپ کی نظر بلند ہمت میں خوار و بے اعتبار کر کے آخرت کے حسن و جمال کو باطن کے آئینہ میں جلوہ گر اور آراستہ فرمائے ۔


آپ کا بزرگ محبت نامہ مع نفیس تحفوں کے وصول ہوا۔ آپ نے بڑا کرم کیا اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر دے۔ وہ نصیحت جو مُحبوں اور دوستوں کو کی جاتی ہے۔ سب یہی ہے کہ پورے طور پر خدائے تعالیٰ کی طرف توجہ میسر ہو جائے اور ماسوائے حق سے روگردانی حاصل ہو جائے۔

کار این است غیر ازین همه ہیچ


آج اس دولت کا حاصل ہونا اس طریقہ نقشبندیہ کے ساتھ توجہ اور اخلاص پر وابستہ ہے بڑی بڑی سخت ریاضتوں اور مجاہدوں سے اس قدر حاصل نہیں ہوتا جو ان بزرگواروں کی ایک ہی صحبت سے حاصل ہو جاتا ہے کیونکہ ان بزرگواروں کے طریق میں نہایت ابتداء میں درج ہے پہلی صحبت میں وہ کچھ بخش دیتے ہیں جو دوسرے طریقہ کے منتہیوں کو نہات میں جا کر حاصل ہوتا ہے اور ان بزرگواروں کا طریق اصحاب کرام کا طریق ہے ان کو خیر البشر کی پہلی ہی صحبت میں وہ کمالات حاصل ہو جاتے تھے جو اولیائے امت کو نہایت میں شاید ہی میسر ہوں اور یہی ابتداء میں انتہا کے درج ہونے کا طریق ہے۔ پس آپ پر ان بزرگواروں کی محبت واجب ہے کیونکہ اصل مقصود یہی ہے ۔ وَالسَّلامُ عَلَيْكُمْ وَعَلىٰ سَائِرِ مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى وَالْتَزَمَ مُتَابَعَةَ الْمُصْطَفَى عَلَيْهِ وَعَلَى الِهِ الصَّلوةُ وَالسَّلام اور سلام ہو آپ پر اور اس شخص پر جو ہدایت کی راہ پر چلا اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی متابعت کو لازم پکڑا۔

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا