3

مکتوب 184: حضرت سید المرسلین صلى الله عليه وسلم کی متابعت کی ترغیب میں


مکتوب 184

حضرت سید المرسلین صلى الله عليه وسلم کی متابعت کی ترغیب میں قلیج اللہ کی طرف لکھا ہے:


میرے فرزند عزیز کا مکتوب مرغوب جو ازروئے محبت و اخلاص کے لکھا تھا۔ میر سید خواجہ نے پہنچایا۔ بڑی خوشی کا موجب ہوا۔ حق تعالیٰ اپنے نبی اور ان کی آلِ پاک صلى الله عليه وسلم کے طفیل اپنی مرضیات کی توفیق نصیب کرے۔

اے فرزند جو بات کل قیامت کے دن کام آئے گی وہ صاحب شریعت علیہ الصلوۃ والسلام کی متابعت ہے اور احوال و مواجید اور علوم و معارف اور اشارات ورموز اگر اس متابعت کے ساتھ جمع ہو جائیں تو بہتر اور زہے قسمت ۔ ورنہ سوائے خرابی اور استدراج کے کچھ نہیں ۔


سید الطائفہ حضرت جنید رحمتہ اللہ علیہ کو مرنے کے بعد کہ کسی شخص نے خواب میں دیکھا اور ان کا حال پوچھا۔ انہوں نے جواب میں کہا: طارت العبارات سَيتِ الْإِشَارَاتُ وَمَا نَفَعَنَا إِلَّا طَارَتِ رُكَيْعَاتُ رَكَعَنَاهَا فِي جَوْفِ الَّيْلِ: کہ سب عبارتیں اور سب اشارتیں فنا ہو گئیں اور ہم کو دورکعتوں کے سوا جو رات کے درمیان پڑھا کرتے تھے کسی چیز نے نفع نہ دیا۔

فَعَلَيْكُمْ بِمُتَابَعَتِهِ خُلَفَاءِ الرَّاشِدِيْنَ عَلَيْهِ وَ عَلَيْهِمُ الصَّلوةُ وَالسَّلامُ وَإِيَّاكُمْ وَ مُخَالَفَةً شَرِيعَتِهِ قَوْلاً وَ عَمَلاً وَ اِعْتِقَاداً فَإِنَّ الأولى يُمَنْ وَبَرَكَةً وَالثَّانِيَةُ شُومًا وَ هَلَكَه پس آپ کو لازم ہے کہ آنحضرت صلى الله عليه وسلم اور ان کے خلفائے راشدین علیہ وعلیہم الصلوۃ والسلام کی متابعت پر ثابت قدم رہیں اور قول و فعل میں شریعت کی مخالفت سے بچیں کیونکہ متابعت میں یمن و برکت ہے اور مخالفت میں بدبختی اور ہلاکت۔


دوسرا وہ رسالہ جو آپ نے بھیجا تھا پہنچا۔ بعض جگہ سے پڑھا گیا۔ نظر میں پسند آیا۔ لیکن تصنیف سے زیادہ ضروری کام در پیش ہے اور اس میں مشغول ہونا نہایت ہی بہتر اور مناسب ہے۔

والسلام

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا