3

مکتوب 194: ملت کی ترقی اور دین کی تائید کی ترغیب میں


مکتوب 194

ملت کی ترقی اور دین کی تائید کی ترغیب میں اور اس کے متعلق بیان میں صدر جہان کی طرف لکھا ہے:

سَلَّمَكُمُ اللهُ سُبْحَانَهُ وَ عَافَاكُمُ حق تعالٰی آپ کو سلامت و عافیت سے رکھے ۔ احکام شرعیہ کے جاری ہونے اور مذہب مصطفوی علی صاحبہا الصلوٰۃ والسلام کے دشمنوں کی خواری کی باتیں سن کر ماتم زدہ مسلمانوں کے دل کو خوشی اور روح کو تازگی حاصل ہوئی۔ اس بات پر اللہ تعالیٰ کی حمد اور اس کا احسان ہے اور اللہ مالک قدیر سے سوال ہے کہ اپنے نبی بشیر و نذیر علیہ وآلہ الصلوۃ والسلام کے طفیل اس بڑے کام میں زیادتی بخشے ۔ مجھے یقین ہے کہ اسلام کے مقتدا یعنی سادات عظام اور علمائے کرام خلوت و جلوت میں اس دین متین کی زیادتی اور اس صراط مستقیم کی تکمیل کے درپے ہو نگے ۔ یہ فقیر بے سر و سامان اس بارے میں کیا دم مارے۔ اب سنا گیا ہے کہ بادشاہ اسلام اسلامی استعداد کی خوبی سے علماء کا خواہاں ہے۔ الحمد الله علی ذالک

آپ کو معلوم ہے کہ زمانہ سابق میں جو فساد پیدا ہوا تھا۔ وہ علماء ہی کم بختی سے ظہور میں آیا تھا۔ اس بارے میں امید ہے کہ پورا پورا تتبع مد نظر رکھ کر علمائے دیندار کے انتخاب کرنے میں پیش دستی کریں گے۔ علماءِ بد دین کے چور ہیں۔ ان کا مقصود ہمہ تن یہ ہے کہ خلق کے نزدیک مرتبہ بزرگی و ریاست حاصل ہو جائے – اَلْعَيَاذُ باللهِ مِنْ فِتْنَتِهِمُ اللہ تعالیٰ ان کے فتنہ سے بچائے۔ – ہاں ان میں سے جو بہتر ہیں۔ وہ سب خلقت سے اچھے ہیں ۔ کل قیامت کے دن ان کی سیاہی کو فی سبیل اللہ شہیدوں کے خون کے ساتھ تو لیں گے اور ان کی سیاہی کا پلہ بھاری ہو جائے گا۔ شَرِّ النَّاسِ شَرَارُ الْعُلَمَاءِ وَ خَيْرُ النَّاسِ خِيَارُ الْعُلْمَاءِ سب لوگوں میں سے برے، برے عالم ہیں اور سب خلقت سے اچھے اچھے عالم ہیں۔،

دوسری التماس یہ ہے کہ بعض نیتیں آمادہ کرتی ہیں ہے کہ فقیر اپنے آپ کو لشکر میں پہنچائے۔

لیکن ماہ مبارک رمضان کے نزدیک آنے کے باعث دہلی ٹھہرنے کا اتفاق ہو گیا ہے۔ انشاء اللہ اس مبارک مہینے کے گزرنے کے بعد عزیزوں کی خدمت میں حاضر ہو جائے گا۔ والسلام۔

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا