2

مکتوب 235: اس بیان میں کہ اس طائفہ کی محبت دنیا و آخرت کی سعادت کا سرمایہ ہے


مکتوب 235

اس بیان میں کہ اس طائفہ کی محبت دنیا و آخرت کی سعادت کا سرمایہ ہے اور احکام شرعیہ کے بجالانے اور باطنی جمعیت کے حاصل کرنے کی توفیق اس حجت کا ثمرہ ہے اور اس کے مناسب بیان میں مُلا عبد الغفور سمر قندی اور حاجی بیگ فرکتی اور خواجہ محمد اشرف کابلی کی طرف صادر فرمایا ہے۔

حمد وصلوٰۃ اور دعوات کے بعد دوستان حقیقی اور مشتاقان تحقیقی کو معلوم شریف ہو کہ آپ کے مکتوبات شریفہ جو فرط محبت اور کمال اشتیاق سے بھرے ہوئے تھے ان کے پہنچنے سے بہت خوشی حاصل ہوئی ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اسی محبت پر ثابت قدم رکھے اس محبت کو دنیا اور آخرت کی سعادت کا سرمایہ جان کر حق سبحانہ و تعالیٰ سے اس پر ثابت اور قائم رہنے کی دعا مانگتے رہا کریں اور احکام شرعیہ کے بجالانے کی توفیق اس محبت کا نتیجہ ہے اور باطنی جمعیت کا حاصل ہونا اسی دوستی کا ثمرہ ہے۔ اگر تمام جہان جتنی ظلمتیں اور کدورتیں باطن میں گرادیں لیکن اس محبت کو قائم رکھیں تو کچھ غم نہ کرنا چاہئے بلکہ امیدوار رہنا چاہئے اور اگر تمام پہاڑوں کے برابر انوار واحوال کو باطن میں زیادہ کر دیں لیکن اس محبت سے بال کے برابر بھی دور کر دیں تو سوائے خرابی کے کچھ نہ جاننا چاہئے اور اس کو استدراج شمار کرنا چاہئے اس سر رشتہ کو مضبوط پکڑ کر اپنے کام میں متوجہ رہیں اور قیمتی عمر کو بے فائدہ کاموں میں ضائع نہ کریں۔

ہمہ اندرز من تبواین است
که تو طفلی و خانه رنگین است

ترجمہ: ہے نصیحت مری یہی تجھ سے
تو ہے طفل اور خانہ رگین ہے

وَالسَّلامُ عَلَيْكُمْ وَعَلَى سَائِرِ مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى وَالْتَزَمَ مُتَابَعَةَ الْمُصْطَفَى عَلَيْهِ وَعَلَى الِهِ مِنَ الصَّلَوَاتِ أَفْضَلُهَا وَمِنَ التَّسْلِيمَاتِ اَكْمَلُها اور سلام ہو آپ پر اور ان سب پر جو ہدایت کی اوپر چلے اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی متابعت کو لازم پکڑا۔

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا