مکتوب 244
محمد صالح کو لابی کی طرف اس کے اس خط کے جواب میں جو اس نے اپنی خرابی کے بیان میں لکھا تھا، لکھا ہے۔
میرے سعادت مند بھائی خواجہ محمد صالح کا مکتوب شریف پہنچا جو آپ نے اپنے احوال کی خرابی کی نسبت لکھا ہوا تھا۔ امید ہے کہ اس سے بھی زیادہ خراب ہوگا اور اس خرابی کی نہایت اس مکتوب میں جو انہی دنوں میں میرے فرزند ارشد کے نام لکھا ہے، درج ہو چکی ہے۔ وہاں سے معلوم کرلیں۔ اگر آپ جانتے ہیں کہ آپ کا وہاں چند روز رہنا یاروں کی جمعیت کا باعث ہے تو بہتر ہے کہ چند روز وہاں ٹھہریں۔ یہ فقیر بھی عنقریب حضرت دہلی کے سفر کا ارادہ رکھتا ہے۔ اکثر استخارے اور تو جہات اس سفر کا باعث ہیں اور یہ مقام میرے فرزند ارشد کو عنایت فرمایا ہے اور ان کی ولایت میں داخل کیا ہے۔ فقیر اس جگہ مسافروں کی طرح ان کی ولایت میں بیٹھا ہے وہ یار جو طریقہ علیہ میں داخل ہوئے ہیں۔ خاص کر میر سید مرتضی و مولا نا شکر اللہ اور میرسید نظام بہت دعاؤں سے مخصوص ہیں۔ فرزندی خواجہ محمد صادق اور سب بھائی آپ کو اور تمام یاروں کو سلام و دعا پہنچاتے ہیں ۔