2

مکتوب 259: پیغمبروں کے بھیجنے کے فائدوں اور واجب الوجود تعالیٰ کی معرفت میں عقل کا استقلال نہ ہونے اور حکم خاص کے بیان میں


مکتوب 259

پیغمبروں کے بھیجنے کے فائدوں اور واجب الوجود تعالیٰ کی معرفت میں عقل کا استقلال نہ ہونے اور حکم خاص کے بیان میں جو شاہق جبل اور پیغمبروں کے زمانہ فترت کے مشرکوں اور دار حرب کے مشرکوں کے اطفال کے حق میں فرمایا ہے اور گزشتہ امتوں میں زمین ہند میں اہل ہند سے انبیاء کے مبعوث ہونے کی تحقیق اور اس کے مناسب بیان میں مخدوم زادہ خواجہ محمد سعید کی طرف جو علوم نقلیہ و عقلیہ کے جامع اور نسبت علیہ کے صاحب ہیں لکھا ہے۔


الحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِى هَدْنَا لِهَذَا وَمَا كُنَّا لِنَهْتَدَى لَوْ لَا أَنْ هَدْنَا اللَّهُ لَقَدْ جَاءَتُ رُسُلُ رَبِّنَا بِالْحَقِّ اللہ تعالیٰ کی حمد ہے جس نے ہم کو اس کی ہدایت دی اور ہم ہرگز ہدایت نہ پاتے ۔ اگر ہم کو اللہ تعالیٰ ہدایت نہ کرتا۔ بیشک ہمارے رب کے پیغمبر حق لے کر آئے ہیں۔

انبياء عليهم الصلوۃ والسلام کے ارسال کرنے کی نعمت کا شکر کس زبان سے ادا کیا جائے اور کس دل سے اس منعم کا اعتقاد کیا جائے اور وہ اعضاء کہاں ہیں جو اعمال حسنہ کے ساتھ اس نعمت عظمی کا بدلہ ادا کر سکیں۔ اگر ان بزرگواروں کا وجود شریف نہ ہوتا تو ہم بے سمجھوں کو صانع کے وجود اور اس کی وحدت کی طرف کون ہدایت کرتا۔

یونان کے قدیم فلسفیوں نے باوجود اعلی دانا ہونے کے صانع کے وجود کی طرف ہدایت نہ پائی اور کائنات کے وجود کو دھر یعنی زمانہ کی طرف منسوب کیا لیکن جب انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کی دعوت کے انوار کا دن چڑھا تو متاخرین فلسفیوں نے انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کی دعوت کے انوار کی برکت سے اپنے متقدمین کے مذہب کو رد کیا اور صانع جل شانہ کے وجود کے قائل ہوئے اور حق تعالیٰ کی وحدت کو ثابت کیا۔ پس ہماری عقلیں انوار نبوت کی تائید کے بغیر اس کام سے معزول ہیں اور ہمارے فہم وجود انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کے وسیلہ کے سوا اس معاملہ سے دور ہیں۔ پھر نہیں معلوم ہمارے اصحاب ماتریدیہ نے بعض امور مثل وجود صانع کے اثبات اور اس کی وحدت میں عقل کے استقلال سے کیا مراد رکھی ہے کہ انہوں نے شاہق جبل یعنی پہاڑ کی بلندی پر رہنے والے بت پرست کو ان دونوں یعنی وجود صانع کے اثبات اور اس کی وحدت کے لئے مکلف کیا ہے اگر چہ اس کو پیغمبر کی دعوت نہیں پہنچی اور ان دونوں میں نظر و غور کے ترک کرنے پر اس کے لئے کفر اور خلود فی النار کا حکم دیا ہے لیکن ہم بلاغ مبین اور حجت بالغہ کے بغیر جو پیغمبروں کے ارسال کرنے پر وابستہ ہے ۔ کفر اور خلود فی النار کا حکم دینا مناسب نہیں سمجھتے ۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ عقل اللہ کی حجتوں میں سے ایک حجت ہے لیکن حجیت میں ایسی حجت بالغہ نہیں ہے جس پر ایسا سخت عذاب مترتب ہو سکے ۔


سوال : اگر شاہق جبل جو بت پرست ہے دوزخ میں ہمیشہ کے لئے نہ رہے تو پھر وہ بہشت میں جائے گا اور یہ بھی جائز نہیں کیونکہ جنت میں داخل ہو نا مشرکوں پر حرام ہے ۔ ان کی جگہ دوزخ ہے اللہ تعالیٰ حضرت عیسی علی نبینا وعلیہ الصلوۃ والسلام کی نسبت حکایت کرتے ہوئے فرماتا ہے۔ من يُشْرِكْ بِاللهِ فَقَدْ حَرَّمَ اللهُ عَلَيْهِ الْجَنَّةَ وَمَا وَاهُ لنَّارُ جو اللہ کے ساتھ شرک کرے اس پر جنت حرام ہے اور اس کی جگہ دوزخ ہے اور جنت دوزخ کے درمیان کوئی اور واسطہ نہیں اور اصحاب اعراف بھی چند روز کے بعد بہشت میں داخل ہو جائیں گے۔ پس یا جنت میں داخل ہوگا یا و دوزخ میں ۔

یہ سوال واقعی بہت مشکل ہے ۔ اس فرزندار شد کو معلوم ہے کہ مدت تک اس فقیر پر اس سوال کا تکرار کرتارہا لیکن جواب شافی کچھ نہ پایا اور جو کچھ صاحبِ فتوحات مکیہ (ابن العربی رضی اللہ عنہ ) نے اس سوال کے حل میں کہا ہے اور قیامت کے دن ان لوگوں کی دعوت کے لئے پیغمبر علیہ السلام کا مبعوث ہونا ثابت کیا ہے اور اس دعوت کے رد و انکار کے بموجب ان کے لئے بہشت و دوزخ کا حکم کیا ہے۔ اس فقیر کے نزدیک پسند و بہتر نہیں ہے کیونکہ دار آخرت دار جزا ہے نہ دار تکلیف تاکہ کسی پیغمبر کے بھیجنے کی ضرورت ہو۔ بہت مدت کے بعد خداوند تعالیٰ کی عنایت نے رہنمائی کی اور اس معما کو حل کر دیا اور منکشف فرمایا کہ یہ لوگ نہ بہشت میں ہمیشہ رہیں گے نہ دوزخ میں بلکہ آخرت کے بعث واحیاء کے بعد ان کو مقام حساب میں کھڑا رکھ کر گناہوں کے اندازہ کے موافق ان کو عتاب و عذاب دیں گے اور حقوق پورے کر کے غیر مکلف حیوانوں کی طرح ان کو بھی معدوم مطلق اور لاشے محض کر دیں گے پس خلود کس کے لئے اور مخلد کون ہوگا اس معرفت غریبہ کو جب انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کے حضور میں پیش کیا گیا تو سب نے اس کی تصدیق کی اور اس کو مقبول فرمایا ۔ وَالعِلمُ عِندَ اللهِ سُحَانَهُ.


فقیر پر یہ بات نہایت ناگوار گزرتی ہے کہ حق تعالی با وجود اپنی کمال رفت و رحمت کے بغیر اس بات کے کہ انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کے ذریعے ابلاغ مبین فرمائے ۔ صرف عقل کے اعتبار پر جس میں غلطی اور خطا کی بہت مجال ہے اپنے بندے کو ہمیشہ کے لئے دوزخ میں ڈالے اور ہمیشہ کے عذاب میں گرفتار کرے جس طرح کہ باوجود شرک کے اس کے لئے جنت میں ہمیشہ رہنے کا حکم کرنا ناگوار معلوم ہوتا ہے جیسا کہ جنت و دوزخ کے درمیان واسطہ کے قائل نہ ہونے کے باعث اشعری کے مذہب سے لازم آتا ہے۔ پس حق یہی ہے جو مجھے الہام ہوا کہ قیامت کے دن محاسبہ کے بعد وہ معدوم کیا جائے گا اور فقیر کے نزدیک واجرب کے مشرکین کے اطفال کے بارے میں بھی یہی حکم ہے کیونکہ بہشت میں داخل ہونا ایمان پر وابستہ ہے۔ خواہ ایمان وصالت کے طور پر ہو یا تبعیت کے طور پر اگر تبعیت دار السلام میں ہوتی ہے جیسا کہ اہل ذمہ کے لڑکوں کے لئے لیکن ان کے حق میں ایمان مطلق طور پر مفقود ہے۔ پس بہشت میں ان کا داخل ہونا متصور نہیں ہوتا اور دوزخ میں داخل ہونا اور اس میں ہمیشہ رہنا تکلیف کے ثابت ہونے کے بعد مشرک پر منحصر ہے اور یہ بھی ان کے حق میں مفقود ہے پس ان کا حکم حیوانوں کا سا حکم ہے کہ بعث ونشور کے بعد حساب کے لئے کھڑا کریں گے اور ان سے حقوق پورا کر کے ان کو معدوم و نیست و نابود کر دیں گے اور ان مشرکوں کے حق میں بھی جو پیغمبروں کی فترت کے زمانہ ( دو پیغمبروں کا درمیانی زمانہ ) میں ہوئے ہیں اور جن کو کسی پیغمبر کی دعوت نصیب نہیں ہوئی۔ یہی حکم ہے۔

اے فرزند! یہ فقیر جس قدر ملاحظہ کرتا ہے اور نظر کو وسیع کرتا ہے کوئی ایسی جگہ نہیں پاتا جہاں ہمارے پیغمبر صلى الله عليه وسلم کی دعوت نہ پہنچی ہو بلکہ محسوس ہوتا ہے کہ آفتاب کی طرح سب جگہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی دعوت کا سب جگہ نور پہنچا ہے حتی کہ یا جوج ماجوج میں بھی جن کو دیوار حائل ہے، پہنچا ہوا ہے اور گزشتہ امتوں میں ملاحظہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ایسی جگہ بہت کم ہے جہاں پیغمبر مبعوث نہ ہوا ہو ۔ حتی کہ زمین ہند میں بھی جو اس معاملہ سے دور دکھائی دیتی ہے، معلوم ہوتا ہے کہ اہل ہند سے پیغمبر مبعوث ہوئے ہیں اور صانع جل شانہ کی طرف دعوت فرمائی ہے اور ہندوستان کے بعض شہروں میں محسوس ہوتا ہے کہ انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کے انوار شرک کے اندھیروں میں مشعلوں کی طرح روشن ہیں، اگر ان شہروں کو معین کرنا چاہے تو کر سکتا ہے اور دیکھتا ہے کہ کوئی ایسا پیغمبر ہے جس کی کسی نے تابعداری نہیں کی اور کسی نے اس کی دعوت کو قبول نہیں کیا اور کوئی ایسا پیغمبر ہے کہ صرف ایک ہی آدمی اس پر ایمان لایا ہے اور کسی پیغمبر کے تابع صرف دو شخص ہوئے ہیں اور بعض کے ساتھ تین آدمی ایمان لائے ہیں ۔ تین آدمیوں میں سے زیادہ نظر نہیں آتے ، جو ہند میں کسی پیغمبر پر ایمان لائے ہوں تا کہ چار آدمی ایک پیغمبر کی امت ہوں اور جو کچھ ہند کے رئیس کفار نے واجب تعالی کے وجود اور اس کی صفات اور اس کے تنزیہ و تقدیس کی نسبت لکھا ہے، سب انوار نبوت سے مقتبس ہے کیونکہ گزشتہ امتوں میں سے ہر ایک کے زمانہ میں ایک نہ ایک پیغمبر ضرور گزرا ہے جس نے واجب تعالیٰ کے وجود اور اس کے ثبوت اور اس کے تنزیہ و تقدیس کی نسبت خبر کی ہے اگر ان بزرگواروں کا وجود شریف نہ ہوتا ان بد بختوں کی لنگڑی اور اندھی عقل جو کفر و معاصی کے ظلمات سے آلودہ ہے، اس دولت کی طرف کس طرح ہدایت پاتی ۔ ان بدبختوں کی ناقص عقلیں اپنی حدذات میں اپنی الوہیت کا حکم دیتی ہے اور اپنے سوا کوئی اور خدا ثابت نہیں کرتی جس طرح کہ فرعون مصر نے کہا کہ مَا عَلِمْتُ لَكُمُ مِنْ إِلَهِ غَيْرِي من نی میں تمہارے لئے اپنے سوا کوئی خدا نہیں جانتا اور یہ بھی کہا کہ لَئِنِ اتَّخَذْتَ إِلَهَا غَيْرِي لَا جُعَلَنَّكَ مِنَ الْمَسْجُونِيْنَ اگر تو میرے سوا کوئی اور خدا بنائے گا تو میں تجھے قید کر دوں گا اور جب انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کے آگاہ کرنے سے انہوں نے معلوم کیا کہ عالم کے لئے ایک صانع واجب الوجود ہے تو ان کم بختوں میں سے بعض نے اپنے دعویٰ کی برائی پر اطلاع پا کر تقلید وتستر کے طور پر صانع کو ثابت کیا اور اس کو اپنے آپ میں حلول کیا ہوا اور سرایت کیا ہوا سمجھا ہے اور اس حیلہ سے لوگوں کو اپنی پرستش کی طرف بلایا ہے ۔ تَعَالَى اللَّهُ عَمَّا يَقُولُونَ الظَّالِمُونَ عُلُوًّا كَبِيرًا. اللہ تعالیٰ اس بات سے جو ظالم کہتے ہیں بہت بڑا ہے۔


اس جگہ کوئی بیوقوف یہ سوال نہ کرے کہ اگر زمین ہند میں پیغمبر مبعوث ہوتے تو ان کے مبعوث ہونے کی خبر ضرور ہم تک پہنچتی بلکہ وہ خبر بکثرت دعوتوں کی جہت سے تواتر کے طور پر منقول ہوتی جب ایسا نہیں ہے تو ویسا بھی نہیں ہے۔ اس کے جواب میں ہم کہتے ہیں کہ ان مبعوث پیغمبروں کی دعوت عام ن تھی بلکہ کسی کی دعوت ایک قوم سے اور بعض کی ایک گاؤں سے یا شہر سے مخصوص تھی اور ہو سکتا ہے کہ حضرت حق سبحانہ و تعالیٰ نے کسی قوم یا گاؤں میں کسی شخص کو اس دولت سے مشرف فرمایا ہو اور اس شخص نے اس قوم یا اس گاؤں کے لوگوں کو صانع جل شانہ کی معرفت کی طرف دعوت کی ہو اور حق تعالیٰ کے سوا اوروں کی عبادت سے منع کیا ہو اور اس قوم یا گاؤں والوں نے اس کا انکار کیا ہو اور اس کو ذلیل ، جاہل سمجھا ہو اور جب انکار و تکذیب حد سے بڑھ گیا ہو تو حق تعالیٰ کی مدد نے آ کر ان کو ہلاک کر دیا ہو۔ اسی طرح کچھ مدت کے بعد ایک اور پیغمبر کسی قوم یا گاؤں کی طرف مبعوث ہوا ہو اور اس پیغمبر نے بھی ان لوگوں کے ساتھ وہی معاملہ کیا ہو جو پہلے پیغمبر نے کیا تھا اور اس پیغمبر کے ساتھ وہی معاملہ کیا ہو جو ان کے پہلوں نے کیا تھا۔ علی ہذا القیاس اسی طرح ہوتا رہا۔


زمین ہند میں گاؤں اور شہروں کی ہلاکت کے آثار بہت پائے جاتے ہیں۔ یہ لوگ اگرچہ ہلاک ہو گئے لیکن وہ دعوت کا کلمہ ان کے ہمسروں کے درمیان باقی رہا۔ وَجَعَلَهَا كَلِمَةً بَاقِيَةً فِي عَقْبِهِ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ اور اس کلمہ کو اس واسطے پیچھے باقی رکھا کہ شاید وہ رجوع کر آئیں۔ ان مبعوث پیغمبروں کی دعوت کی خبر ہم تک تب پہنچی جبکہ بہت سے لوگ ان کے تابع ہوتے اور بڑی بھاری قوم بہم پہنچاتے جب ایک آدمی آیا اور چند روز دعوت کر کے چلا گیا اور کسی نے اس کو قبول نہ کیا پھر دوسرا آیا اور اس نے بھی یہی کام کیا اور ایک آدمی اس کے ساتھ ایمان لایا اور تیسرے کے ساتھ دو یا تین آدمی ایمان لائے تو پھر خبر کس طرح پھیلتی اور عام ہوتی اور کفار سب کے سب انکار کے در پے تھے اور اپنے باپ دادا کے دین کے مخالفوں کو رد کرتے تھے تو پھر نقل کون کرتا اور کس کی طرف نقل کرتا ۔

دوسرا یہ کہ نبوت و رسالت و پیغمبر کے الفاظ ان پیغمبروں اور ہمارے پیغمبر علیہ و علیہم الصلوۃ والسلام کی دعوت کے متحد ہونے کے باعث عربی اور فارسی لغت کے تھے اور یہ الفاظ ہندی لغت میں نہ تھے تا کہ ہند کے مبعوثہ انبیاء کو نبی یا رسول یا پیغمبر کہتے اور ان ناموں سے ان کو یاد کرتے ۔

اور نیز اس سوال کے جواب میں ہم معارضہ کے طور پر کہتے ہیں کہ اگر ہند میں انبیاء مبعوث نہ ہوئے ہوں اور ان کی زبان میں ان کو دعوت بھی نہ کی ہو تو پھر ان کا حکم بھی شاہق جبل کا حکم ہوگا کہ باوجود سرکشی اور دعویٰ الوہیت کے دوزخ میں نہ جائیں اور ہمیشہ کے عذاب میں نہ رہیں ۔ اس بات کو بھی نہ تو عقل سلیم پسند کرتی ہے اور نہ ہی کشف صحیح اس کی شہادت دیتا ہے کیونکہ ہم ان میں سے بعض سرکش مردودوں کو دوزخ کے وسط میں دیکھتے ہیں۔

وَاللهُ أَعْلَمُ بِحَقِيقَةِ الْحَالِ وَالسَّلام .

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا