0

مکتوب 78: اس طائفہ عالیہ کی محبت و اخلاص کے بیان میں


مکتوب 78

اس طائفہ عالیہ کی محبت و اخلاص کے بیان میں کہ یہ محبت واخلاص فنافی اللہ اور بقا باللہ کا زینہ ہے۔ اور اس کے مناسب بیان میں داراب خان کی طرف صادر فرمایا ہے:۔

الْحَمْدُ لِلَّهِ وَسَلَامٌ عَلَى عِبَادِهِ الَّذِينَ اصْطَفیٰ اللہ تعالیٰ کے لیے حمد ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو ۔

یہ ایک بڑی خوشگوار دولت ہے جو آپ کے خاندان میں محسوس ہوتی ہے۔ یعنی با وجود اسباب غنا اور استغنا کے پھر بھی آپ کو فقراء کے ساتھ نیازمندی اور اس طبقہ کی خدمت گزاری کا خیال ہے۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو اس طائفہ عالیہ کے ساتھ بڑی محبت و اخلاص ہے اور اس فرقہ ناجیہ کے ساتھ بڑی اعلیٰ دوستی ہے اس گروہ کے محبوں کے لیے الْمَرْءُ مَعَ مَنْ أَحَبَّ کی بشارت کافی ہے اور اس طائفہ کے حبیبوں کے لیے هُمْ قَوْمٌ لَا يَشْقَى جَلِيسُهُمْ کی خوشخبری وافی ہے جب اللہ تعالیٰ کی عنایت سے یہ محبت یہاں تک غالب آ جائے کہ دل سے دوسروں کی محبت اور تعلقات کو دور کرے اور لوازم محبت یعنی محبوب کی اطاعت اور اس کی مراد پر قائم رہنا اور اس کے اخلاق و اوصاف سے متخلق ہونا ظاہر ہو جائے تو اس وقت محبوب میں فنا حاصل ہو جاتی ہے جس کو فنافی الشیخ کہتے ہیں جو اس راہ میں پہلا زینہ ہے۔ یہی فنافی الشیخ پھر فنافی اللہ کا وسیلہ بن جاتی ہے۔ جس پر بقا باللہ مترتب ہے جس سے ولایت حاصل ہوتی ہے۔ غرض اگر ابتدا میں کسی کے وسیلہ کے بغیر محبوب حقیقی کا جذب و انجذاب میسر ہو جائے تو بڑی اعلی دولت ہے اس سے فناو بقا حاصل ہوتی ہے ورنہ شیخ کامل مکمل کا وسیلہ ضروری ہے یعنی اپنی مرادوں کو اس کی مراد کے تابع کر دے اور اس میں فانی ہو جائے تا کہ یہ فنا، فنافی اللہ کا وسیلہ بن جائے اور ماسوا کے تعلقات سے بالکل آزاد کر کے درجات ولایت تک پہنچادے۔

بر شکر غلطید اے صفرا ئیاں
از برائے کورئے سودائیاں


ترجمه گریز و شکر تم صفرائع
کورسودائی ہیں سارے پل پڑو


اس قسم کی باتیں طالبوں اور ابوالہوسوں کی ترغیب اور شوق دلانے کے لیے لکھی جاتی ہیں۔
وَاللَّهُ سُبْحَانَهُ الْمُوَفِّقُ.


باقی مطلب یہ ہے کہ اس خط کالا نے والا محمد قاسم بزرگ زادہ ہے اور فقراء کی خدمت میں رہا ہے۔ چونکہ اپنے بڑے بھائی کی خدمت میں بڑی ناز و نعمت سے پرورش یافتہ ہے۔ اس لیے زمانہ کی محنتوں سے نا آشنا ہے۔ اب آپ کی ملازمت کا شوق رکھتا ہے۔ اگر اپنی سرکار کے ملازموں میں داخل کر کے اس کے حال پر توجہ والتفات فرما ئیں ۔ آپ کے کرم سے بعید نہیں زیادہ لکھنا باعث تکلیف ہے ۔ والسلام۔

نوٹس : ویب سائیٹ میں لفظی اغلاط موجود ہیں، جن کی تصیح کا کام جاری ہے۔ انشاء اللہ جلد ان اغلاط کو دور کر دیا جائے گا۔ سیدنا مجدد الف ثانی علیہ رحمہ کے مکتوبات شریف کو بہتر طریقے سے پڑھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ جزاک اللہ خیرا